کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں یومِ معرکۂ حق کی مناسبت سے جاری چار روزہ تقریبات کے سلسلے میں ایک اہم اور بامقصد سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سی آئی ای سی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر سروش احمد لودی تھے، جبکہ صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں پرنسپل ڈاکٹر رفعت فرخ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا اور یومِ معرکۂ حق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی علمی و فکری سرگرمیاں نوجوان نسل میں حب الوطنی، شعور اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دیتی ہیں۔سیمینار کے دوران مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کردہ ایک خصوصی ویڈیو پیش کی گئی، جس میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعِ وطن میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ مہمانِ خصوصی کو گزشتہ دو روز کی تقریبات کی جھلکیوں پر مشتمل مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی۔