کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں طویل مدتی فنڈنگ کے حصول کیلئے کیپٹل مارکیٹس کو مزید مستحکم بنایا جارہا ہے۔ حکومت تیزی سے مقامی سرمائے پر توجہ مرکوز کررہی ہے جس کا مقصد قومی سلامتی کے ایک اہم جزو کے طور پر ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اندرونی وسائل کو متحرک کرنا ہے۔ اس تناظر میں کیپٹل مارکیٹس نہایت اہم کردار ادا کریں گی۔یہ بات انھوں نے کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (سی ایم ڈی ایف) کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،بدھ کو اکستان کی کیپٹل مارکیٹ اداروں پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج اور انسٹیٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس آف پاکستان نے کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی سرپرستی میں قائم کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا مقصد کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے، خاص طور پر نوجوانوں کو مالیاتی آگاہی فراہم کرنے، سرمایہ کاری کو سہل اور اسان بنانے اور کیپٹل مارکیٹ میں اصلاحات کرنا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔فنڈ قائم کرنے کے معاہدے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو فرخ ایچ سبزواری، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کے چیف ایگزیکٹو بدیع الدین اکبر، نیشنل کلئیرنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نوید قاضی، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو خرم ظفر اور انسٹیٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر مبشر صادق نے دستخط کئے۔ چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور کمشنرز امتیاز حیدر، مظفر مرزا، ذیشان خٹک اور علی فرید بھی اس موقع پر موجود تھے۔