اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) ڈیزل درآمدات پر حکومت کا سخت کنٹرول، صرف پی ایس او کو اجازت، نجی آئل کمپنیوں پر ایچ ایس ڈی درآمد پرپابندی،وجہ مشرق وسطیٰ صورتحال اور بڑھتاتیل درآمدی بل ،فیصلہ نیشنل کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس میں ہوا،نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز نے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ملک کے بیرونی کھاتوں پر دباؤ کم کرنے اور تیل کی درآمدات پر کنٹرول سخت کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) درآمد کرنے سے روک دیا ہے، اور صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔یہ فیصلہ نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا، جس کے تحت ڈیزل کی درآمد مکمل طور پر سرکاری ادارے کے تحت مرکزی کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک مشرق وسطیٰ کی صورتحال مستحکم نہیں ہو جاتی، کیونکہ یہی صورتحال عالمی تیل منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کا سبب بنی ہوئی ہے۔