اسلام آباد(نمائندہ خصوصی نیو ز رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان باہمی احترام اور مشترکہ مقاصد کی بنیاد پر عالمِ اسلام کیساتھ تعمیری روابط کے لئے پرعزم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں چھٹی بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ،وزیر مذہبی امورسردار یوسف، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور فلسطین کے مفتی اعظم محمد احمد حسین نے بھی خطاب کیا۔صدر نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہمارا خطہ اور دنیا کئی چیلنجز سے دوچار ہیں، اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد ضروری ہے، ہمیں ایک واضح اور قابلِ عمل راستہ پیش کرنا ہوگا جو اسلام کو امن اور بقائے باہمی کے دین کے طور پر پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہم نے مشکل تجربات سے سبق سیکھا ہے، ہم نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے نتائج بھگتے ، ان تجربات نے ہمیں ایک واضح پیغام دیا کہ کسی بھی شکل اور کسی بھی جواز کے تحت تشدد کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں اصولوں پر ثابت قدم رہنے کے ساتھ ساتھ ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اہمیت کی یاد دلاتی ہے،پاکستان کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے، ہم امن چاہتے ہیں مگر ایسا امن جو انصاف اور باہمی احترام پر مبنی ہو،جنوبی ایشیا میں پائیدار استحکام اْس وقت تک ممکن نہیں جب تک بنیادی مسائل بالخصوص جموں و کشمیر کو سنجیدگی اور خلوص نیت کے ساتھ حل نہیں کیا جاتا۔