کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (ایس ایس پی اے) بورڈ نے خواتین زرعی کارکن پروگرام کی منظوری دے دی، اس پرو گرام کے تحت دیہی خواتین کو سال میں دو سے چار ماہ کے دوران کم آمدنی کے عرصے میں ماہانہ نقد امداد فراہم کی جائے گی، غذائیت اور بچوں کی فلاح کے لئے نئے ای سی ڈی پروگرام کی منظوری ،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےبدھ کو سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (ایس ایس پی اے) کے تیسرے بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایسے اہم اقدامات کی منظوری دی جن کا مقصد صوبے کے سماجی تحفظ کے نظام کو وسعت دینا، ماں اور بچے کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا اور دیہی خواتین کو آمدنی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی (بورڈ کے وائس چیئرمین)، سید سردار شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پی ایس سی ایم آغا واصف بورڈ اراکین ہارس گزدار، سونو خان، شیریں ناریجو، امر حبیب خان، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (پی اینڈ ڈی) نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری سوشل پروٹیکشن خادم چنہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایس ایس پی اے ارشاد سوڈھڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔اجلاس میں 8 لاکھ 85 ہزار بچوں کے لئے نیا ابتدائی بچپن کی نشوونما پروگرام (ای سی ڈی)، زرعی شعبے سے وابستہ خواتین کے لئے موسمی نقد امداد اور سندھ میں سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری سسٹم کو مضبوط بنانے (ایس ایس پی ڈی ایس ایس) کے تحت ممتا پروگرام میں نمایاں بہتری کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے ممتا منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جو اس وقت 22 اضلاع میں جاری ہے جس کا بجٹ 56 ارب روپے ہے اور اس سے 10 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ مستفید ہو رہے ہیں۔