کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر صحافی و تجزیہ کاروں حامد میر، مظہر عباس، محمل سرفراز اور شہزاد اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ برس پاکستان نے ہر محاذ پر اپنا لوہا منوایا۔ بین الاقوامی میڈیا بھی بھارتی دعوؤں کی تصدیق کے لئے پاکستانی ذرائع سے رجوع کرتا تھا۔ وہ جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل ایسے شواہد موجود تھے جن سے یہ تاثر ملتا تھا کہ پہلگام میں بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی، جس کے باعث یہ خدشات پیدا ہوئے کہ بھارت ممکنہ طور پر عسکری کارروائی کر سکتا ہے۔ اگرچہ بعض سیکیورٹی ماہرین اس امکان کو مسترد کرتے تھے، تاہم ان کا موقف تھا کہ بھارت کسی نہ کسی نوعیت کی کارروائی ضرور کر سکتا ہے۔انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک بھارتی خاتون صحافی نے انہیں پیغام بھیجا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی فوج نے اسلام آباد پر قبضہ کر لیا ہے۔ ابتدائی طور پر انہوں نے اسے اپنے فون کی ہیکنگ سمجھا، تاہم تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ بھارتی میڈیا اس نوعیت کی بریکنگ نیوز نشر کر رہا ہے۔