کراچی(اسٹاف رپورٹر) معروف رقاصہ شیما کرمانی اور انسانی حقوق کی خواتین ورکرز کی گرفتاری و مبینہ بدسلوکی پر پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا ء الحسن لنجار نے ڈی ایس پی صدر ناصر آفریدی، ایس ایچ او وومن حنا مغل اور ایس ایچ او آرٹلری میدان تھانہ ندیم حیدر کو معطل کر نے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کو شیما کرمانی اور دیگر رہنمائوں کی کراچی پریس کلب آمد کے موقع پرپولیس کی جانب سے انہیں حراست میں لیا گیا اور حراست میں لئے جانے کے دوران تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا تھا ،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈی ایس پی صدر ناصر آفریدی،معروف رقاصہ شیما کرمانی سے گفتگو کے دوران انتہائی تضحیک آمیز الفاظ کا استعمال کررہے ہیں جس پر شہریوں کاشدید رد عمل سامنے آیا ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ خواتین کے احترام اور حقوق کا ہر صورت میں تحفظ کیا جائے گا۔