لاہور (آصف محمود بٹ) حکومت پنجاب نے کاروباری ماحول کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سرخ فیتہ کے خاتمے کیلئے اپنی نوعیت کے پہلے جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ای بز‘‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے جس کے تحت کاروباری افراد کو درپیش پیچیدہ ضوابط، متعدد اجازت ناموں اور مختلف سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کی قیادت میں ان کی ٹیم نے تیار کیا ہے جسے روایتی محکمہ جاتی طرز حکمرانی سے ہٹ کر ایک کاروبار دوست نظام کی جانب بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ماڈل میں سہولت، شفافیت، رفتار اور کارکردگی کو بنیادی حیثیت دی گئی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ای بز پلیٹ فارم کے تحت ابتدائی طور پر 280 کاروباری خدمات کو مختلف محکموں سے یکجا کیا گیا ہے جن میں سب سے زیادہ 121 خدمات فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی ہیں۔