• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہریوں نے بلاول ہاؤس کے قریب VIP موومنٹ کا پروٹوکول توڑ دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلاول ہاؤس چورنگی پر وی آئی پی موومنٹ کے دوران عوام کی جانب سکیورٹی پروٹوکول توڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔منگل کی شب پیش آنے والے واقعہ کی شہری کی جانب سے موبائل فون سے ویڈیو بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلاول ہاؤس چورنگی پر وی آئی پی شخصیت کی آمد کے باعث ٹریفک کو روکا گیا ہے جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہے۔ عین اس وقت جب وی آئی پی موومنٹ کے دوران پروٹوکول کی گاڑیاں گزر رہی تھیں اس دوران عوام کا ہجوم پولیس کا ناکہ توڑ کر مین بلاول ہاؤس چورنگی کی جانب جاتے ہوئے دکھائی دیا۔ وی آئی پی موومنٹ میں سیکیورٹی پروٹوکول میں شامل پولیس بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور پولیس گاڑیوں کے ڈرائیور گاڑیاں بے ہنگم اندازہ میں چلاتے ہوئے دکھائی دیئے۔ویڈیو میں پروٹول کی گاڑی موٹر سائیکل سواروں کو سائیڈ دیتے ہوئے بھی دیکھائی دیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وی آئی پی پروٹوکول کے دوران مبینہ طور پر ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی سامنے آئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سیکیورٹی پروٹوکول آنے سے مبینہ طور پر تقریباً آدھے گھنٹے سے روکا ہوا تھا جس کے باعث شہریوں میں شدید اشتعال پایا جاتا تھا جبکہ سڑک بند کرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں تاہم وی آئی پی مومنٹ کے دوران عوام کی جانب سے سیکیورٹی پروٹوکول توڑنے اور اس دوران بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے خوش قسمتی سے کوئی حادثہ یا جانی نقصان نہیں ہوا ۔اس حوالے سے ترجمان ٹریفک پولیس سے استفسار کیا گیا کہ کسی اہلکار کے خلاف کارروائی کی گئی ہے تو انہوں نے اس سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
اہم خبریں سے مزید