کراچی (رفیق مانگٹ) امریکی اخبار کا کہنا ہے سعودیہ اور کویت نے امریکی فوج کو اڈوں اور فضائی حدود تک دوبارہ رسائی دیدی، پروجیکٹ فریڈم دوبارہ فعال کرنیکی تیاری، خلیجی پابندیاں ختم ہونے سے امریکہ کو بڑی سفارتی کامیابی، ہرمز آپریشن بحالی کے قریب، مقصد تجارتی جہازوں کا بحری و فضائی تحفظ، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے خلیجی اتحادیوں کو پروجیکٹ فریڈم کے آغاز سے پہلے آگاہ کیا گیا تھا۔ امریکی اخبار کے مطابق سعودی عرب اور کویت نے امریکی فوج کو اپنے فوجی اڈوں اور فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندیاں اٹھا لی ہیں، جس سے آبنائے ہرمز میں امریکی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ امریکی اور سعودی حکام کے مطابق یہ پابندیاں اس وقت لگائی گئی تھیں جب امریکہ نے آبنائے ہرمز کو بحری تجارت کے لیے کھولنے کی کارروائی شروع کی تھی۔ اب ان پابندیوں کے خاتمے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ پروجیکٹ فریڈم کے نام سے جاری اس مشن کو دوبارہ فعال کرنے پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد تجارتی جہازوں کو بحری اور فضائی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں بڑی تعداد میں جنگی طیارے، ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور نگرانی کرنے والے طیارے شامل ہیں، جو ایرانی میزائلوں اور ڈرون حملوں سے جہازوں کو بچانے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔