کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے سندھ بھر میں جاری شدید ہیٹ ویو اور قیامت خیز گرمی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے تمام ضلعی، تعلقہ اور مقامی ذمہ داران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے صوبے کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں اور ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں۔اپنے بیان میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ اس وقت خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ خصوصاً مزدور طبقہ، رکشہ ڈرائیورز، محنت کش، مسافر، بزرگ شہری اور کھلے آسمان تلے کام کرنے والے افراد شدید مشکلات اور ہیٹ اسٹروک کے خطرات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کو تنہا چھوڑنے کے بجائے ان کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے سندھ بھر میں بس اسٹاپس، مرکزی شاہراہوں، بازاروں، چوراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں، شربت اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے تاکہ شدید گرمی سے متاثرہ شہریوں کو فوری ریلیف پہنچایا جا سکے۔