کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم ڈھاکا کے پہلے ٹیسٹ میں بائیں کے سات بیٹسمینوں کے ساتھ کھیل رہی ہے۔امام الحق،اذان اویس ، عبداللہ فضل، کپتان شان مسعود،سعود شکیل،شاہین آفریدی اور نعمان علی لیفٹ ہینڈر ہیں۔ بابر اعظم زخمی ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر رہے۔پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں پراعتماد بلے بازی کرنے والے اذان اویس کی سوشل میڈیا پر تعریفیں ہو رہی ہیں،فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار سمجھی جانے والی پچ میں بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا کو پاکستانی بلے بازوں کے لیے خطرہ سمجھا جا رہا تھا لیکن اذان اویس اُن کے خلاف جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے دکھائی دیئے اور مسلسل تین چوکے بھی لگائے۔سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے21 سالہ اذان اویس نے 33 فرسٹ کلاس میچوں میں 10 سنچریوں اور نو نصف سنچریوں کی بدولت 2673 رنز بنا رکھے ہیں۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کم ہوتی ہوئی بولنگ ا سپیڈ پر بھی کرکٹ حلقوں میں بات ہورہی ہے۔شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ سپیڈ اوسط 133رہی جبکہ کچھ برس پہلے تک فاسٹ بولر 140 سے زائد کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹر بازید خان نے پی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ شاہین شاہ آفریدی جب پی ایس ایل میں بولنگ کر رہے تھے تو اُن کی رفتار 145 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بھی رہی لیکن اب وہ 135 تک پہنچنے میں بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔