کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ’معرکہ حق-بنیان مرصوص‘ پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس میں افواج پاکستان نے بے مثال اتحاد، جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ سندھ گورنر ہاؤس کراچی میں “معرکہ حق،بنیان مرصوص” کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی یہ پروقار تقریب اُن شہداء، غازیوں اور ان کی عظیم ماؤں کے نام ہے جنہوں نے اس قوم کو ایسے گوہرِ نایاب عطا کئے جنہوں نے وطنِ عزیز کی عزت و حرمت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ تقریب میں کور کمانڈر کراچی ، کمانڈر کراچی پاکستان نیوی، کمانڈر کوسٹل ایریا، ڈی جی رینجرز سندھ ، صدر ایئر وار کالج ایئر وائس، آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، کمشنر کراچی حسن نقوی، اعلیٰ عسکری و سول حکام، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، تاجر و صنعتکار برادری، ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور شہر کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔