کراچی (اسٹاف رپورٹر)حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد بدقسمتی سے ملک میں وہ نظام قائم نہ ہو سکا جس کا خواب قائداعظم اور تحریک پاکستان کے رہنمائوں نے دیکھا تھا، ملک میں آغاز ہی سے جاگیردارانہ اور وڈیرا شاہی سوچ نے سیاسی و معاشی نظام پر اثر انداز ہو کر عوامی مفادات کو نقصان پہنچایا،آج ملک میں رائج نظام کی حقیقی تبدیلی کی ضرورت ہے اور اس کیلئے ذہنوں کی آبیاری، رائے عامہ کی ہمواری اور عوامی شعور کی بیداری ناگزیر ہے۔ جماعت اسلامی ایک عام آدمی کی جماعت ہے جو ملک میں دیانت دار، جوابدہ اور عوام دوست نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال قائد اعظم محمد علی جناح کی تقاریر پر مشتمل کتاب ”بانی پاکستان کی آواز“ (The Founder Voice) کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر ، معروف ماہر عالمی سیاست بین الاقوامی تعلقات سینیٹر مشاہد حسین ، سید وجیہ حسن ،معروف ماہر تعلیم، دانشور و اسکالر سید جعفر احمد اور انجینئر نعیم الیاس خانانی نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒنے دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان قائم کیا، جو پوری ملت اسلامیہ کے لیے باعث فخر ہے۔