کراچی (اسد ابن حسن) جمعرات کی شب کراچی کے بڑے کال سینڑوں میں سے ایک سینٹر جو گلشن اقبال میں ہے وہاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی ایک ٹیم نے جمعرات کی شب چھاپہ مارا۔ چھاپے کے وقت 70سے 80افراد موجود تھے۔ تمام زیر حراست افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں اور ضبط کیے ہوئے الیکٹرانک سامان کو سرکل منتقل کیا گیا۔ مقدمے کا اندراج 24 گھنٹے بعد کیا گیا۔ سرکل سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز کی ہدایت پر 25 کے قریب خواتین کو چھوڑ دیا گیا۔ جب مقدمہ نمبر 35/26 سب انسپکٹر عدنان شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تو ایف آئی آر کے ابتدا میں انکوائری کے 40ملزمان کے نام تھے مگر آخری پیرا میں ملزمان 30رہ گئے جن میں کال سینٹر کا مالک مرتضی حسین عرف ہانی اور تین افراد مفرور قرار دیئے گئے ہیں۔ حراست میں لیے گئے چند نوجوانوں کے متعلق یہ انکشاف ہوا تھا کہ وہ چھاپے والے دن ہی اپنی نوکری کی درخواست لے کر پہنچے تھے۔