کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرمپ ٹروتھ پر مختلف پوسٹس میں ایران کیساتھ جاری تنازع سے متعلق مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی کچھ تصاویر جاری کی ہیں،ٹرمپ نے ان تصاویر میں اپنے دور صدارت کا اوباما اور بائیڈن دور سے موازنہ کیا ، ایرانی جہازاور ڈرونز کی تباہی کی تصاویر جاری کیں ۔ پہلی تصویر کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ سابقہ امریکی انتظامیہ (اوباما اور بائیڈن) کے دور میں ایرانی بحری جہاز سمندر کی سطح پر آزادانہ طور پر گھوم رہے تھے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے دوران 159جہازوں کو سمندر کی تہہ میں ڈبو دیا گیا ہے۔دوسری تصویر میں دو الگ الگ مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ایک طرف نیلے رنگ کی تتلیاں سمندر میں گر رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف ایران کے پرچم لگے ہوئے جہاز تباہ ہو کر سمندر میں گر رہے ہیں۔ تصویر پر لکھا ہے: "ڈرونز تتلیوں کی طرح گر رہے ہیں"۔ یہ تصویر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کی طرف اشارہ کر سکتی ہے کہ ان کی انتظامیہ نے ایران کے کئی ڈرونز کو مار گرایا تھا۔تیسری تصویر میں ایک امریکی بحری جہاز دکھایا گیا ہے جس سے لیزر شعاعیں نکل رہی ہیں اور وہ فضا میں کئی اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اس تصویر پر لکھا ہے: "الوداع ڈرونز"۔ یہ تصویر بھی ایران کے ڈرون پروگرام کے خلاف امریکی کارروائیوں کا حوالہ دیتی ہے۔