کوئٹہ(پ ر)بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن اور پیپلز پارٹی بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن قومی اتحاد، قربانی، حوصلے اور پاکستان کے دفاع سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے مشکل حالات میں جس یکجہتی، صبر اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ فخر ہے، جبکہ افواجِ پاکستان نے مادرِ وطن کے تحفظ، امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر موثر سفارتکاری کے ذریعے بھارتی عزائم کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔ کرن بلوچ نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے ہم سب مل کر کام کریں گے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر متحد رہیں گے۔