کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 مئی کراچی کی تاریخ کا سیاہ ترین ، افسوسناک اور خون آشام دن تھا جب جمہوریت ، آزاد عدلیہ ، آئین کی بالادستی ، انسانی حقوق اور قومی برابری کی آواز کو طاقت ، جبر کے ذریعے دبانے کی کوشش کی گئی ۔ 12 مئی کے المناک سانحے میں بے گناہ انسانوں کا خون بہایا گیا ، کراچی کو خوف ، آگ اور دہشت کی لپیٹ میں دھکیلا گیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اپنے تمام معلوم و نامعلوم قومی شہداء کو عظیم قربانیوں پر سرخ سلام پیش کرتی اور اس عہد کا اعادہ کرتی ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، آزاد عدلیہ، حقیقی جمہوریت، محکوم اقوام کے حقوق اور ہر قسم کی آمریت و دائمی مارشلا کی سوچ کے خلاف ایک اصولی، جراتمندانہ اور انقلابی سیاسی جدوجہد کی ۔ بیان میں کہا گیا کہ 12 مئی کو بہنے والا خون آج بھی انصاف کا تقاضا کرتا ہے اور تاریخ کے صفحات ان کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرئے گی جنہوں نے کراچی کو قتل گاہ میں تبدیل کیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ بارہ مئی کے شہدا کی یاد میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے زیر اہتمام صوبائی سیکرٹریٹ کراچی میں تعزیتی سیمینار منعقد کیا جائے گا ، جس سے پارٹی قائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، دانشور، وکلاء، صحافی اور کارکنان خطاب کریں گے ۔ بیان میں تمام کارکنوں، وطن دوست عوام، نوجوانوں، دانشوروں، وکلاء اور جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ تعزیتی سیمینار میں بھرپور شرکت کریں ۔