• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں پولیس سربراہ سمیت تین فلسطینی شہید، جنگ بندی خطرے میں

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی حملوں میں پولیس سربراہ سمیت تین فلسطینی شہید، جنگ بندی خطرے میں، خان یونس میں حماس کے زیر انتظام پولیس فورس کے سربراہ کو گاڑی پر حملہ کرکے نشانہ بنایا گیا، معاون بھی لقمہ اجل، جنازے کے دوران لوگوں کا کہنا تھا اسرائیل غزہ میں بدامنی پھیلانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ بنا رہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم تین فلسطینی شہید ہو گئے، جس سے امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی نازک صورتحال ایک بار پھر نمایاں ہو گئی۔ طبی ذرائع کے مطابق المغازی پناہ گزین کیمپ میں ایک فضائی حملے میں ایک شخص مارا گیا، جبکہ جنوبی شہر خان یونس میں ہونے والے ایک اور حملے میں حماس کے زیر انتظام فوجداری پولیس کے سربراہ وسام عبد الہادی اور ان کے معاون شہید ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے میں تباہ ہونے والی گاڑی کا صرف ڈھانچہ باقی رہ گیا۔ جنازے کے دوران سوگواروں نے اسرائیل پر غزہ میں بدامنی پھیلانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر ان حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ غزہ میں اکتوبر 2025کی جنگ بندی کے باوجود تقریباً روزانہ حملے جاری ہیں، جبکہ فلسطینی طبی حکام کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد اب تک 850سے زائد فلسطینی شہیدہو چکے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023سے جاری جنگ میں اب تک 72ہزار 500سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید