ریاض( نیوز ڈیسک)سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ اس کے پہلے سہ ماہی کے منافع میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے جو مشرق وسطیٰ میں جاری امریکا-ایران جنگ کے تناؤ اور آبنائے ہرمز میں شپنگ کی رکاوٹوں کے باوجود کمپنی کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس دوران کمپنی کی ایسٹ،ویسٹ خام تیل پائپ لائن مکمل گنجائش کے ساتھ فعال رہی تاکہ سپلائی میں خلل کے اثرات کم کیے جا سکیں۔عالمی سطح پر سب سے بڑی تیل برآمد کرنے والی کمپنی نے 31 مارچ کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 32.5 ارب ڈالر کا خالص منافع حاصل کیا، جو ایل ایس ای جی کے 30.95ارب ڈالر کے اندازے سے زیادہ ہے۔کمپنی کی مجموعی آمدن گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 7 فیصد بڑھ کر 115.49 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔