کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ڈپٹی ڈائریکٹر انکروچمنٹ زخمی ہوگیا ،تفصیلات کے مطابق گلبرگ تھانہ کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک 10میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے فراز لودھی نامی شخص ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ، پولیس حکام کے مطابق مضروب ہاکس بے کا ڈپٹی ڈائریکٹر انکروچمنٹ ہے جو کہ اپنے دوست جمال ارشد سے ملنے آئے ہوئے تھے ،جمال ارشد کے گھر کے باہر ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ۔ فائرنگ کے نتیجے میں فراز لودھی کی ٹانگ میں گولی لگی۔ پولیس زرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بلڈر کے گھر کے باہر پیش آیا تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے۔