لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت وڈیو لنک کے ذریعے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں نواز شریف کارڈیک سنٹر مری بارے اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آر آئی سی پروفیسر مسفراح اور ایم ایس جنرل ہسپتال ساملی ڈاکٹر قیصر عباسی نے بریفنگ دی۔ سپیشل سیکرٹری آپریشنز نبیلہ عرفان، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن خدیجتہ الکبریٰ، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈاکٹر عمر فاروق و دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ چیف منسٹرز ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت مریضوں کو سالانہ 3 ارب روپے سے زائد کی رقم کے علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو جلد فعال کر دیا جائے گا۔