کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی شدید مالی بحران کا شکار ہوگئی ہے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی جانب سے مالی مسائل کے حل کے لیے کوششوں کے باوجود اساتذہ کا احتجاج اور سمسٹر امتحانات کا بائیکاٹ بدستور جاری ہے۔انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے انتظامیہ کی جانب سے جاری مذاکراتی کوششوں اور مالی مشکلات کے حل کے لیے کی جانے والی پیش رفت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا ہے، جس کے باعث جامعہ میں تدریسی اور امتحانی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے جامعہ کو درپیش سنگین مالی بحران کے حوالے سے چیف سیکرٹری سندھ کو ایک تفصیلی خط ارسال کیا ہے، جس میں فوری مالی معاونت اور بیل آؤٹ پیکیج فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔