اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) ملک بھر میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان مزید شدت اختیار کر گیا ہے جبکہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق پنجاب میں سخت نگرانی اور سپلائی محدود ہونے کے باعث خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کی منڈیوں میں بھی نرخوں میں مزید اضافے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ تاجروں اور فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ پنجاب سے خیبرپختونخوا کو گندم کی ترسیل کم ہونے سے وہاں طلب اور رسد میں فرق بڑھ رہا ہے جبکہ سندھ سے دیگر صوبوں کو مال کی سپلائی بڑھنے کے باعث سندھ کی مقامی مارکیٹ بھی دباؤ کا شکار ہے، اسی وجہ سے مارکیٹ کا مجموعی رجحان واضح طور پر اوپر کی جانب دکھائی دے رہا ہے۔