کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر برائے بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے تعمیراتی اجازت ناموں کی چاروں کیٹیگریز کی مکمل آٹومیشن کے لئے ایک ماہ کی مدت مقرر کرتے ہوئے ڈیجیٹل گورننس کی جانب ایک بڑا اور اہم قدم اٹھا یا ہے، جس سے تعمیراتی شعبے میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ بیک اینڈ آٹومیشن، ڈیجیٹل انٹیگریشن اور جدید سافٹ ویئر سسٹمز کے نفاذ سے تعمیراتی اجازت ناموں کا پورا عمل زیادہ مؤثر، شفاف اور عوام دوست بن جائے گا ۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جدید، شفاف اور عوامی فلاح پر مبنی وژن اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات کے تحت حکومت سندھ ادارہ جاتی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی سہولتوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ سرکاری اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔