• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران امریکا کشیدگی، خام تیل کی قیمت 107.71 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی

اسلام آباد( خالد مصطفیٰ ) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں شدید اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ امریکا، یورپ اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس دباؤ کا شکار رہیں۔بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت 3.50 ڈالر اضافے کے بعد 107.71 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 3.73 ڈالر اضافے سے 101.80 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔ دیگر اہم بینچ مارکس میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جن میں WTI Midland، Murban اور Brent Weighted Average شامل ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق تیل کی قیمتوں میں یہ تیزی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی کیفیت کے باعث سامنے آئی ہے۔ مارکیٹس کو خدشہ ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں ترسیل متاثر ہوئی تو عالمی سطح پر تیل کی سپلائی شدید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے، کیونکہ دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی خام تیل تجارت اسی راستے سے گزرتی ہے۔خام تیل کی بڑھتی قیمتوں نے عالمی معیشت میں مہنگائی کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹس سے سرمایہ نکالنا شروع کر دیا۔امریکا میں وال اسٹریٹ پر ایس اینڈ پی 500 میں 0.6 فیصد، نیسڈیک میں 0.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈاؤ جونز انڈیکس بھی منفی زون میں بند ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل مہنگا ہونے سے امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود طویل عرصے تک بلند رکھنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید