کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ڈاکوؤں فائرنگ سے مزید دو شہری جاں بحق اور 2دو زخمی ہو گئے،سپر ہائی وے پر نیو سبزی منڈی کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار میں مزاحمت پرسعید اللہ نامی شخص کو قتل اور اسکے بھائی کو زخمی کردیا،ناردرن بائی پاس میں افغان کیمپ کے قریب صاحب خان کی جان لے لی گئی۔ تازہ ترین واقعات کےبعدرواں برس شہر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونےوالے شہریوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے نیو سبزی منڈی ہنگورا گوٹھ کے قریب ڈاکوؤں نے لوڈنگ سوزوکی میں سوار افراد سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سوزوکی سوار25 سالہ سعید اللہ جاں بحق اور اس کا بھائی 23 سالہ واحد زخمی ہوگیا، دونوں ہنگورا گوٹھ کے رہائشی اور آبائی تعلق باجوڑ سے بتایا جاتا ہے۔وہ منڈی میں لوڈنگ سوزوکی چلاتے تھے ۔مقتول سعید اللہ دو بچوں کا باپ بتایا جاتا ہے۔