کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ حیدرآباد میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور منصوبے پر فوری طور پر دوبارہ کام شروع کرکے اسے جولائی کے پہلے ہفتے تک مکمل کیا جائے۔میں جولائی میں حیدرآباد کا دورہ کروں گا اور پل پر گاڑی چلا کر اسے عام ٹریفک کے لئے کھولوں گا، اس لئے تینوں محکموں کے وزرا ناصر شاہ، جام خان شورو اور حاجی علی حسن مل کر فلائی اوور کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے۔بریفنگ کے دوران وزیراعلی کو بتایا گیا کہ اگرچہ اراضی کے حصول کا عمل مکمل کرکے 2018 کے آخر میں منصوبے کے حکام کے حوالے کردیا گیا تھا تاہم عدالتی مقدمات اور دیگر مسائل کے باعث باقی تعمیراتی کام آگے نہ بڑھ سکا۔یہ منصوبہ ابتدائی طور پر وفاقی حکومت کی مالی معاونت سے بننے والی اس سڑک اسکیم کا حصہ تھا جو حیدرآباد بائی پاس کو اکرم واہ کے بائیں کنارے پر واقع گھنگھرا موری سے ملاتی ہے۔