لاہور (آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) میں پیر کے روز ’’راہِ رشد بک کلب‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد ادبی اقدام کا مقصد زیرِ تربیت افسران میں فکری بالیدگی، اخلاقی قیادت، انسان دوست طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہے، تاکہ پاکستان کے مستقبل کے سول سرونٹس کی پیشہ ورانہ اور اخلاقی تربیت میں ادب کو مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔بک کلب کی افتتاحی نشست ’’دردِ زیست کی بازگشت: مولو مسلی کے نام‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی معروف سماجی رہنما، مصنف، اخوت کے بانی اور سماجی کاروباری شخصیت ڈاکٹر امجد ثاقب تھے۔ ان کے تازہ افسانوی مجموعے ’’مولو مسلی‘‘ کو ادبی نشست کا مرکزی موضوع بنایا گیا۔تقریب کے دوران ممتاز انسان دوست شخصیات ڈاکٹر اختر حمید خان، شعیب سلطان اور مسعود کھدرپوش کی سماجی اصلاح، عوامی خدمت اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ان شخصیات کی بے لوث خدمات اور عوام دوست طرزِ عمل آج بھی عوامی خدمت سے وابستہ افسران کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور عوامی مفاد پر مبنی طرزِ حکمرانی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔