کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلوچستان کو درپیش مسائل، بدامنی، بے روزگاری اور پسماندگی سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ صوبے بھر میں نوجوانوں کی جوق در جوق جماعت اسلامی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام فرسودہ سیاسی نظام سے مایوس ہوچکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کوئٹہ کے زیر اہتمام کلی غلام رسول کسٹم سریاب میں منعقدہ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد عظیم کرد، سراج احمد پرکانی، سلمان شاہوانی اور شاہنواز رند کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ تقریب سے عبدالنعیم رند، سردار شیر دل خان مینگل اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اصولی، صاف اور خدمت پر مبنی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کئی دہائیوں سے محرومیوں، کرپشن، بدامنی اور وسائل کی لوٹ مار کا شکار ہیں جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبے کے وسائل پر عوام کے حق، تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی سہولیات کی فراہمی، لاپتہ افراد کی بازیابی اور تجارت کی بحالی کیلئے بارڈرز کھولنے کے مطالبات ہر فورم پر اٹھاتی رہے گی۔