اسلام آباد(اے پی پی/ نیوز ایجنسیز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لئے سفارتکاری، بامعنی مذاکرات اور تعمیری شراکت داری پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ملک کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے تمام دہشت گرد نیٹ ورکس، سہولت کاروں اور معاونین کا فیصلہ کن خاتمہ کیا جائے گا۔بھارت میں پاکستان سے مذاکرات کی آوازین مثبت پیشرفت ہے تاہم بھارتی حکومتی ردعمل کے منتظر ہیں۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر اور آذربائیجان کی اعلی قیادت کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی اور بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو آئندہ ورلڈ اربن فورم کے انعقاد پر نیک تمناں کا اظہار بھی کیا۔ترجمان نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے مشرقِ وسطی تنازعہ کے لئے ذاتی ایلچی ژاں آرنو نے نائب وزیراعظم /وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ژاں آرنو نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے تحسین کا اظہار کیا اور اس ضمن میں اقوامِ متحدہ کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا گیا ۔نائب وزیراعظم /وزیرِ خارجہ نے علاقائی پیشرفت پر گفتگو کی اور کشیدگی میں کمی کے لئے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ پاکستان کے مسلسل رابطوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان کے لئے مسلسل حمایت اور کردار پر شکریہ ادا کیا ،انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم /وزیرِ خارجہ امن کے فروغ اور سفارتی ذرائع کو آگے بڑھانے کی ہماری کوششوں کے تحت اپنے ہم منصبوں سے مسلسل رابطے میں رہے۔8 مئی کو نائب وزیراعظم /وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیرِ خارجہ ویوین بالاکرشنن اور ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں سنگاپور کے ساحلی علاقے کے قریب امریکی حکام کی جانب سے تحویل میں لئے گئے ،بحری جہازوں پر موجود پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی فلاح و بہبود اور وطن واپسی پر بات چیت ہوئی ۔