اسلام آباد(طاہر خلیل)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کے 47 افسران اور اہلکاروں کو اعلیٰ فوجی اعزازات عطا کیے جمعرات کو پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران اور اہلکاروں کو نمایاں خدمات اور بہادر ی کے اعتراف پر اعزازات دینے کیلئے ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، سینئر سرکاری حکام ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے اہلخانہ اور غیر ملکی سفارتکاروں سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ بے مثال بہادری کے اعتراف میں ستارہ بسالت کا اعزاز لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید، سپاہی ثوبان مجید بلوچ شہید اور سپاہی اسرار محمد کو دیا گیا۔