اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نےقومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نیشنل پاپولیشن کونسل کی خود سربراہی کریں گےنیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شامل ہوں گے۔ یہ فیصلہ جمعرات کے روز اپنی زیر صدارت بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر اہم اجلاس کے دوران کیا۔ وزیراعظم کی بڑھتی ہوئی آبادی کے کیلئے مؤثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے،حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آگاہی مہم، صحت و تعلیم کی سہولیات میں بہتری اور متوازن ترقی کے ذریعے سے آبادی کی بڑھتی ہوئی رفتار پر قابو پایا جا سکے۔