کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر سید وقار مہدی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری 23 مئی کو سندھ حکومت کے عظیم الشان منصوبے شاہراہِ بھٹو کا افتتاح اور جلسے سے خطاب کرینگے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر سید وقار مہدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رؤف احمد ناگوری، انفارمیشن سیکرٹری شرمیلا فاروقی، تمام اضلاع کے صدور ، جنرل سیکرٹریز و انفارمیشن سیکرٹریز، تمام ذیلی تنظیموں کے صدور سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 23 مئی کو شاہراہِ بھٹو کے تیسرے اور آخری فیز کے افتتاح کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسہ ہی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر وقار مہدی نے کراچی ڈویژن کی ٹیم کو سی ویو کراچی پر کامیابی سے منعقد ہونے والی تاریخی معرکہ حق تقریب کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔