کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کے معروف مصور اور سنجیدہ فنِ مصوری کے بے مثال فنکار جمیل نقش کی ساتویں برسی آج ہفتہ 16 مئی کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی ۔ جمیل نقش خداداد صلاحیتوں کے مالک تھے اور انہوں نے اپنی منفرد سوچ، تخلیقی انداز اور اعلیٰ فنی مہارت کے ذریعے مصوری کی دنیا میں ایک الگ مقام حاصل کیا۔ وہ بھارتی شہر کیرانہ میں پیدا ہوئے اور قیامِ پاکستان کے بعد لاہور منتقل ہوگئے، جہاں انہوں نے میو اسکول آف آرٹس سے فنِ مصوری کی تعلیم حاصل کی۔ وہ اپنے مخصوص اسلوب اور منفرد فن پاروں کے باعث دنیا بھر میں پہچانے گئے۔ خواتین اور کبوتروں پر مبنی ان کی پینٹنگز کو عالمی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی اور یہی موضوع ان کے فن کی نمایاں شناخت بن گیا۔ ان کے فن پاروں کو نا صرف پاکستان بلکہ برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں بھی سراہا گیاجمیل نقش کے فرزند کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قائم میوزیم کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، جہاں ان کی پینٹنگز، ذاتی استعمال کی اشیا اور نایاب فن پارے محفوظ کیے گئے ہیں حکومتِ پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغۂ حسنِ کارکردگی اور ستارۂ امتیاز سے نوازا۔