کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جو منصوبے چل رہے ہیں پانچ سال بعد جب وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی کی مدت مکمل ہوگی ساتھ ہی یہ منصوبے بھی مکمل ہوچکے ہوں گے جس سے صحت کے شعبے میں واضح بہتر ی نظرآئے گی عوام کو سستے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے ،بلوچستان حکومت نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے ذریعے بھرتیوں اور ٹیسٹ کا عمل شروع کیا ہے جسے سندھ میں بھی لیکر جائیں گے منفی قوتیں جو ملک اور بلوچستان کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھ سکتیں انہیں شکست ہوگی بلوچستان حکومت ایک سال میں نصیرآباد میں گھمبٹ ہسپتال کی طرز پر ہسپتال تعمیر کرکے دے، سندھ میں صحت کے شعبے میں جو مثبت اقدامات ہوئے ہیں انہیں بلوچستان میں بھی لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان میں صحت کے شعبے میں 11اہم منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل،وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی،سینیٹرز ،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ،صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔