• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ، کوہاٹ، مستونگ میں دہشت گردوں کے حملے، 10 اہلکار شہید، 3 حملہ آور ہلاک

پشاور، باجوڑ، کوہاٹ، مستونگ (مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ جنگ، نامہ نگار) باجوڑ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 8اہلکار شہید، 35زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت سے ٹکرا دی ، کالعدم ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی، ادھر کوہاٹ میں سیکورٹی فورسز اور ،فتنہ الخوارج کے درمیان جھڑپ میں فرنٹیئر کور کے ایک صوبیدار سمیت دو اہلکار شہید ہوگئے جوابی کارروائی میں3دہشتگرد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے، مستونگ میں مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والے 3ٹرکوں کو نذر آتش اور قومی شاہراہ پر پل کو دھماکے سے اڑا دیا ، کوہاٹ میں 3دہشت گرد ہلاک، مستونگ میں مسلح افراد نے 3ٹرک نذر آتش اور پل اڑا دیا، جبکہ پشاورکے علاقےمتنی میں ٹارگٹ کلنگ کی مبینہ واردات میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سرحدی ضلع باجوڑ میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا جسکے نتیجے میں کم از کم 8 اہلکار شہید اور 35 زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق حملہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کیا گیا جہاں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جسکے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پہلے کواڈ کاپٹر (ڈرون) کے ذریعے کیمپ کو نشانہ بنایا اور پھر خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی عمارت سے ٹکرا دی۔ زوردار دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی اور اسے شدید نقصان پہنچا۔
اہم خبریں سے مزید