• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلہٹ ٹیسٹ، پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی، بنگلہ دیشی بیٹرز پریشان، پہلی اننگز میں 278 رنز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستانی بولروں کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم سلہٹ ٹیسٹ کے پہلے دن پہلی اننگز میں278رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔شاہین آفریدی کی جگہ لینے والے خرم شہزاد نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں ہفتے کو کھیل ختم ہونے پرپاکستان نے چھ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے21رنز بنائے۔اذان اویسن تین چوکوں کی مدد سے13اور عبداللہ فضل نے16 گیندوں پر8رنز بنائے ہیں۔بنگلہ دیش کے اسکور کو برابر کرنے کے لئے پاکستان کومزید257رنز کی ضرورت ہے۔پہلے سیشن اور دوسرے سیشن میں تین تین اور تیسرے سیشن میں چار وکٹ گرے۔ایک موقع پر لنچ کے بعد پاکستان نےچھ وکٹ116رنز پر حاصل کرلی۔تاہم لٹن داس نے سنچری بناکر بنگلہ دیش کو تباہی سے بچایا۔53رنز پر لٹن داس ،خرم شہزاد کی گیند پر کاٹ بی ہائینڈ ہوگئے لیکن امپائر نے انہیں آوٹ نہیں دیا اور پاکستان نے ریویو نہیں لیا جس کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر عبداللہ فضل باونڈری پر ان کا مشکل کیچ نہیں لے سکے۔31سالہ لٹن داس نے موقع سے فائدہ اٹھا کرپاکستان کے خلاف تیسری اور ٹیسٹ کیئریئر کی چھٹی سنچری اسکور کی۔انہوں نے126رنز 159 گیندوں پر بنائے جس میں دو چھکے اور16چوکے شامل تھے۔لٹن داس نے تیج الاسلام کے ساتھ ساتویں وکٹ پر60،تسکین احمد کے ساتھ آٹھویں وکٹ پر38اورشریف الاسلام کے ساتھ نویں 64رنز بنائے۔بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز کی شاندار سنچری نے اس کی ٹیم کو 116 رنز 6 وکٹ پر 278 تک پہنچا دیا۔ خرم شہزاد اور محمد عباس نے بنگلہ دیش کے ٹاپ اور مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا،پاکستان نےٹا س جیت کر پہلے بولنگ کا انتخاب کیا۔بنگلہ دیش کو ایک بار پھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دن کے اختتام تک، مہمانوں کو شام کو چھ اوورز بغیر کسی نقصان کے دیکھنے کے لیے راحت ملی،سلہٹ میں پاکستانی بولرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں محمد عباس نے وکٹ حاصل کی جس کے بعد 44 رنز پر محمد عباس نے ہی دوسری وکٹ بھی حاصل کرلی۔ تیسری وکٹ 63 رنز پر گری جو کہ خرم شہزاد کے حصے میں آئی۔پہلے سیشن کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 3 وکٹ کے نقصان پر 101 رنز بنائے۔ بعدازاں دوسرے سیشن میں بھی پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیشی بیٹرز کو آؤٹ کرنے کا سلسلہ جاری رہا اور چائے کے وقفے تک ہوم ٹیم کے 6 کھلاڑی 168 رنز تک پولین لوٹ چکے تھے۔ دیگر بیٹرز میں نجم الحسن شانتو 29، تنزید حسنن 26، مشفق الرحیم 23، مومن الحق 22 اور تیج الاسلام 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے81رنز دے کر 4، محمد عباس نے45رنز دے کر 3، حسن علی نے49رنز دے کر 2 اور ساجد خان نے96رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔