• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستقل امن کے حوالے سے پرامید، یہ ہمارا سنہری وقت ہے، شہباز شریف

کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کے دوسرے دور اور مستقل امن کے حوالے سے پرامید ہیں۔ ہماری سیاسی اور فوجی قیادت کی شراکت داری کے باعث پاکستان کی عالمی ساکھ مکمل طور پر بدل گئی ہے۔ یہ ہمارا سنہری وقت ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کی طرح مجھے بھی ایک پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ یہ ہماری تاریخ کے روشن ترین لمحات میں سے ایک ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان کو ایک ایماندار ثالث اور ایسے ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے جس پر عالمی قیادت کو مکمل اعتماد ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ امن آسانی سے حاصل نہیں ہوتا۔ اس کے لئے صبر، دانشمندی اور مشکل حالات میں فیصلے کرنے کی صلاحیت چاہئے۔ ہم اب بھی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک اور دور ہو اور دیرپا امن قائم ہو سکے، باقی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے ہمیں یہ باوقار کردار ملا ہے۔ خوش قسمتی سے ایران، امریکا اور خلیجی ممالک سب پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بھی اس میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جب کہ سعودی عرب اور قطر سے بھی اس کے قریبی تعلقات ہیں۔ پاکستان کی ایران کے ساتھ 565 میل طویل سرحد ہے، جب کہ آبنائے ہرمز کے قریب اس کی بندرگاہیں موجود ہیں، جو عالمی توانائی کی رسد کے لئے انتہائی اہم علاقہ ہے۔ جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور قلت پاکستان کی معیشت کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید