کراچی (افضل ندیم ڈوگر) انمول پنکی کی جان کو خطرہ، کراچی پولیس کے ہاتھوں گرفتار انمول عرف پنکی کی سیکورٹی غیرمعمولی سخت کردی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ زون کی ہدایت کے بغیر ملزمہ ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد ہے اور حفاظت کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ جس میں ایک ایس پی کی نگرانی میں 2 ڈی ایس پی، 3 ایس ایچ اوز سمیت 40 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ملزمہ کی کڑی نگرانی کیلئے 2 شفٹوں میں نفری تعینات کی گئی ہے۔ پہلی شفٹ صبح 8 سے رات 8 دوسری رات 8 سے صبح 8 تک تعینات ہے۔ لیڈی پولیس اہلکاروں کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت ہے۔ لاک اپ اور اطراف میں لمحہ لمحہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ لاک اپ کے اطراف چھتوں پر بھی اسنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔ عدالت منتقلی کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ملزمہ کو عدالت لانے لے جانے کیلئے خصوصی موبائل اسکواڈ تعینات کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کیلئے بلٹ پروف جیکٹس فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کسی بھی غفلت یا نفری کی کمی کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔ پنکی کو کھانا بھی مکمل چیکنگ کے بعد ہی فراہم کرنے کیا جارہا ہے۔ بجلی کی بندش سے نمٹنے کیلئے جنریٹر ہر وقت فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بغدادی تھانے کے اطراف داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات ہے۔ ایس پی لیاری سب ڈویژن کو عدالت منتقلی آپریشن کی نگرانی سونپ دی گئی ہے۔ ایس ڈی پی او بغدادی اور رسالہ کو موبائل اسکواڈ سمیت کمانڈ دی گئی ہے۔ ایس ایچ او بغدادی، رسالہ اور گارڈن کو گراؤنڈ انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے فوری رسپانس ٹیمیں الرٹ ہیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو مشکوک سرگرمی فوری رپورٹ کرنے کیہدایت ہے۔ انمول پنکی کی حراست کے دوران صرف مجاز افراد کو رسائی ہے۔ دو شفٹوں میں پولیس اور لیڈی اسٹاف کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔