سکھر، کراچی، دادو، ڈگری، پنو عاقل (بیورو رپورٹ، شکیل یامین کانگا، نامہ نگاران)سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق اتوار کو سندھ کے 9اضلاع کی 13 نشستوںمیں سے پیپلز پارٹی نے 9نشستیں حاصل کیں جبکہ جے یو آئی نے ایک اور 3آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا گیا مٹھائیاں تقسیم کیں۔ غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 62میں سے 54 نشستیں جیتیں۔ بلدیاتی انتخابات کی تمام نشستوں کے موصول نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے 45 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں جی ڈی اے سندھ سے کوئی نشست حاصل نہیںکرسکی۔ حیدر آباد سمیت سندھ کے 9 اضلاع میںہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات 13 نشستوں پر ہونے والی پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔پولنگ حیدرآباد، جامشورو، دادو، سجاول، سکھر، نوشہروفیروز، میرپورخاص، جیکب آباد اور گھوٹکی میں ہوئی جن میں رکن ڈسٹرکٹ کونسل کی 5، چیئرمین کی 2، وائس چیئرمین کی 2 اور جنرل وارڈ ممبر کی 4 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ کیلئے 73 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ، جن میں 59 کو انتہائی حساس اور 11 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے مطابق 45 نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں، جن میں 8 چیئرمین، 6 وائس چیئرمین اور دیگر امیدوار شامل ہیں۔ سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخابات، ضلع سکھر کی دو نشستوں میں سے ایک پر پیپلز پارٹی جبکہ دوسری نشست پر جے یو آئی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ ریٹرننگ افسران کے دستخط سے جاری ہونیوالے نتائج کے مطابق یوسی 41 نصیر آباد میں وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار لیاقت علی 368 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل جے یو آئی کے خادم حسین 176 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح یونین کونسل نمبر 2 نندا پور پنوعاقل کے وارڈ تین کے جنرل ممبر کی نشست جمعیت علماء اسلام کے اسرار احمد 624 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے انکے مد مقابل آزاد امیدوار عبدالغفار نے 144 ووٹ لئے۔دوسری جانب ضلع جامشورو کی تحصیل سیہون شریف کی یونین کونسل چنہ میں وائس چیئرمین کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید اوٹھو نے 2298 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوار شاہد اوٹھو 893 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے امیدوار علی بہار بڑدی 357 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔ نتائج کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ریلی نکالی۔