ملتان (سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ و مرکزی سینئر وائس چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، کوآرڈینیٹر ٹو گورنر پنجاب و ضلعی صدر پیپلز پارٹی لیہ ملک ریاض حسین سامٹیہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی ملتان راؤساجد علی نےسینیٹ ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پرسید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی، جنگی ماحول اور پھر جنگ بندی کے بعد پاکستان نے جس تدبر، تحمل، قومی بصیرت اور ریاستی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ قوم ابھی زندہ ہے، اس کے ادارے زندہ ہیں، پاکستانی عوام کے دل ایران کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں کی وجہ سے دھڑکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت گرچہ وفاقی حکومت میں بطور اتحادی جماعت پارلیمان کے اندر اپنا آئینی، سیاسی اور جمہوری کردار ادا کر رہی ہے، لیکن اس جماعت کی اصل طاقت محض اقتدار میں شرکت نہیں، بلکہ ریاستی معاملات میں اس کی تاریخی سنجیدگی، جمہوری برداشت، قومی بصیرت اور بحرانوں میں توازن پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس بحران کے دوران بھی پاکستان پیپلز پارٹی نے وہی کردار ادا کیا جس کی توقع ایک میچور، نظریاتی، قومی اور ذمہ دار سیاسی جماعت سے کی جاتی ہے۔