ملتان (سٹاف رپورٹر) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ساؤتھ زون پنجاب کی زونل ڈائریکٹر صائمہ بشیر نے بینظیر کفالت پروگرام کی مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل والٹ سمز فوری طور پر بی آئی ایس پی دفاتر یا متعلقہ مراکز سے وصول کریں تاکہ آئندہ سہ ماہی قسط کی ادائیگی بروقت اور بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنائی جا سکے،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے مستحق خواتین کو جدید، محفوظ اور شفاف مالیاتی نظام سے منسلک کرنے کے لیے ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے،اس نئے نظام کے تحت آئندہ اقساط کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جائے گی جس سے خواتین کو ادائیگی کے عمل میں سہولت، شفافیت اور تحفظ فراہم ہوگا، انہوںنے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ سسٹم کے ذریعے مستحق خواتین اپنے مالی معاملات کو زیادہ آسان اور محفوظ انداز میں انجام دے سکیں گی جب کہ ادائیگی کے نظام میں غیر ضروری تاخیر اور دیگر مسائل کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی،انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے خواتین کی مالی خودمختاری کو فروغ ملے گا اور انہیں جدید ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی،انہوں نے بتایا کہ ضلع ملتان میں مستحق خواتین کی سہولت کے لیے مختلف مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے خواتین اپنی ڈیجیٹل والٹ سمز حاصل کر سکتی ہیں۔