کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، ٹاؤن چیئر مین نصرت اللہ کے ہمراہ بلاک 18یوسی 2میں عمر فیملی پارک و اوپن ائیر جم کا افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی 18سال سے سندھ پر مسلط ہے، صوبائی حکومت کا سالانہ بجٹ تقریباً3500ارب روپے ہے اور اس کا 95 فیصد کراچی سے وصول کیا جاتا ہے لیکن کراچی کے عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں، آدھے سے زیادہ شہر پانی سے محروم ہے، انفرا اسٹرکچر تباہ حال، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی اور ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام موجود نہیں ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور ابلتے گٹر، شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دو چار ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے وسائل کراچی پر خرچ،اختیارات و وسائل نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں، ٹاؤن اور یوسیز کو ترقیاتی فنڈز دیے جائیں، انہوں نے کہا کہ رواں سال کے ایم سی کا بجٹ 5500کروڑ روپے ہے ۔ 5برسوں کے دوران مرتضی وہاب کراچی پر مسلط رہے، پہلے بطور ایڈمنسٹریٹر اور اب جماعت اسلامی کی میئر شپ چھین کر سارے وسائل پر قابض ہیں، یہ ہزاروں ارب روپے کا بجٹ کہاں خرچ ہوا کسی کو نہیں معلوم۔