کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے پاس میچ جیتنے کا موقع ہے، ہم ذہنی طور پر ہدف حاصل کرنے کیلئے تیار ہیں، کوشش بھی کریں گے ،دو سے تین اچھی پارٹنرشپ لگنی چاہئیں۔ ہمارے پاس دو دن موجود ہیں۔ امکان ہے کہ بارش بھی ہوجائے ،اگر ہم دو دن مسلسل بیٹنگ کریں تو جیتنے کا موقع ہے ۔ اتنا کم وقت نہیں کہ میچ ڈرا ہوسکے۔ پیر کی شام پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے بیٹرز نے بہت اچھا کھیلا ہے، ہمارے بولر بدقسمت رہے، ہم نے ریویو کو ٹھیک طرح استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں بولروں کی اسپیڈ ٹھیک تھی، ریڈ بال میں اسپیڈ نیچے آجاتی ہے، بدقسمتی سے ہم زیادہ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلتے جس کی وجہ سے بولرز کا ردھم نہیں بنتا ۔ بولروں نے کوشش کی فیلڈ پر رہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں 40 سے زیادہ اوورز پیسرز نے کئے۔ ہم چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں ۔ گرمی اور نمی بھی ہے ۔ پی ایس ایل کھیلنے والوں کو پریکٹس کا موقع نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر دیکھا تو شاہین اور میرے متعلق گفتگو ہورہی تھی کہ شاہین بات نہیں مان رہا، ایسی کوئی بات نہیں ہے۔