لاہور (جنرل رپورٹر ) حافظ آباد میں غذائی کمی کے شکار کم عمر بچوں کے علاج معالجہ کے لیے محکمہ صحت و آبادی حکومت پنجاب اور ڈبلیو ایچ او کے اشتراک سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پہلا ہیلتھ نیوٹریشن اینڈ سٹیبلائزیشن وارڈ قائم کر دیا گیا۔صوبائی وزیر صحت و آباد ی پنجاب خواجہ عمران نذیر، وزیر اعلیٰ کی کوارڈنیٹر،ایم این اے سائرہ افضل تارڑ،ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ(ELLEN MPANGANANJI THOM )، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پنجاب وقار النساء نے وارڈ کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں صوبہ بھر میں صحت کے شعبہ کی بہتری اور علاج معالجہ کی جدید اور بلا معاوضہ سہولیات کی فراہمی کے لئے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائی قلت کا شکار کم عمر بچوں کے بہتر علاج معالجہ اور انکی غذائی قلت پوری کرنے کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد میں قائم کیے جانے والے وارڈ اپنی نوعیت کا منفرد اور مثالی پروگرام ہے محکمہ صحت اورڈبلیو ایچ او کے تعاون سے قائم کیے جانے والے اس وارڈ میں بچوں کی مکمل سکریننگ،ٹیسٹ اور علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہو گی ۔