لاہور(خبرنگار)سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب قرآن بورڈ کی ازسرِنو تشکیل حکومتِ پنجاب کے اس پختہ اور غیر متزلزل عزم کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ قرآنِ مجید کے تقدس، صحت، مستند طباعت اور درست اشاعت کو قانونی، آئینی اور مذہبی تقاضوں کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب قرآن بورڈ کو تین سالہ مدت کے لیے ازسرِنو تشکیل دیا گیا ہے، جس کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ نے دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ممتاز مذہبی سکالر مولانا زبیر حسن کو ایک سال کی مدت کے لیے پنجاب قرآن بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے بریلوی مکتبِ فکر سے ڈاکٹر محمد کریم خان، سعید احمد شاہ گجراتی، ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد اور ڈاکٹر نبیرا اندلیب کو پنجاب قرآن بورڈ کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ دیوبندی مکتبِ فکر سے چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا زبیر حسن، قاری احمد میاں تھانوی، مولانا طاہر عقیل اعوان اور پروفیسر ڈاکٹر محسینہ منیر شامل ہیں۔ اہلِ حدیث مکتبِ فکر سے ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ محمد شفیق پسروری اور مس زاہدہ شبنم کو بورڈ کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ اہلِ تشیع مکتبِ فکر سے ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر، علامہ افضل حیدری، خواجہ بشارت حسین کربلائی اور مس فروا بتول شامل ہیں۔