• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر خان ولیج فیز تھری کے مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ

ملتان( سٹاف رپورٹر)بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر خان ولیج فیز تھری کے مکین سراپا احتجاج بن گئے، رہائشیوں نے عامر انور قریشی کی قیادت میں ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ نے جدید اور تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ رہائشی منصوبے کے دعوے کر کے شہریوں سے پلاٹ فروخت کیے، تاہم بیشتر پلاٹس فروخت ہونے کے باوجود آج تک کالونی میں بنیادی سہولیات میسر نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی میں نہ پختہ سڑکوں کا نظام موجود ہے، نہ بجلی اور گیس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ سیوریج سسٹم نہ ہونے کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،رہائشیوں نے مزید کہا کہ کالونی میں بچوں کے کھیلنے کے لیے کوئی پارک یا گراؤنڈ موجود نہیں جبکہ مرکزی داخلی راستے پر مکمل سیکیورٹی گیٹ نہ ہونے کے باعث آوارہ کتوں کی بھرمار رہتی ہے، جس سے خواتین اور بچوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے،مظاہرے میں شریک جہانگیر مترو، صادق خان، چوہدری ارشد، رانا مدثر، فاروق احمد، ابوزر بلوچ، حاجی راشد، محمد یعقوب، حاجی فیاض مترو، محمد رمضان، نذیر بھٹی اور دیگر نے ہاؤسنگ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے متعلقہ سرکاری اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ملتان سے مزید