ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ انتظامات بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، انتظامی افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صفائی، سیکیورٹی، ٹریفک، مویشی منڈیوں، ٹرانسپورٹ اور شہری سہولیات سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے مویشی منڈیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ پر فوری مقدمات درج کیے جانے اور اضافی رقم واپس کرائی جانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور صرف نوٹیفائیڈ منڈیوں میں خرید و فروخت یقینی بنانے اور مویشی منڈیوں میں میڈیکل کیمپس، لائیو اسٹاک کیمپس، چچڑ مار اسپرے، پارکنگ، واش رومز، سیل پوائنٹس اور دیگر سہولیات کیلئے واضح سائن بورڈز نصب کیے جانے کا حکم بھی دیا،انہوں نے سیف سٹی کیمروں، ڈرون مانیٹرنگ، مرکزی کنٹرول رومز، ٹریفک پلان، بسوں کی فٹنس چیکنگ، سٹریٹ لائٹس اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کو بھی عید پلان کا حصہ بنانے کی ہدایت دی۔