ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو واسا کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سیوریج سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور سلمان نعیم نے کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، فنڈز کے شفاف استعمال، سیوریج سسٹم کی بہتری اور عوامی سہولیات سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی رہنماؤں شیخ طارق رشید، احمد حسین ڈیہڑ، واصف راں، اقبال سراج، حاجی جاوید اختر انصاری، بابر حسین شاہ اور شوکت بوسن سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔